Ticker

6/recent/ticker-posts

ولادت نبوی 12/ ربیع الاول اور وفات کے موقع پر خاص نعت شریف اردو میں

ربیع الاول کی نعتیں - میلاد النبی صلی اللہ وعلیہ والہ وسلم
ربیع الاول کی نعتیں

( یا رحمتہ اللعالمینﷺ )
یا رحمتہ اللعالمینﷺ
ہم جو ہیں رحمت بداماں رحمتہ اللعالمیں
آپ کا یہ سب ہے احساں رحمتہ اللعالمیں

بہرِ محشر آپ کی چشمِ عنایت کے سوا
کچھ نہیں ہے ساز و ساماں رحمتہ اللعالمیں

آپ کی آمد سے روشن ہوگئی بزمِ جہاں
ہر سو ہے جشنِ چراغاں رحمتہ اللعالمیں

آپ ہی نے دین و ایماں کی عطا کیں دولتیں
آپ پر یہ جان قرباں رحمتہ اللعالمیں

بخشوا لیں گے خدا سے ہم گنہگاروں کو آپ
ہم سبھی کا ہے یہ ایماں رحمتہ اللعالمیں

اللہ اللہ آپ کی پرواز و رفعت دیکھ کر
ہو گئے جبریل حیراں رحمتہ اللعالمیں

شرحِ آیاتِ مبیں ہے آپ کی اک اک ادا
اے امانت دارِ قرآں رحمتہ اللعالمیں

کیجئے اپنے ذکی طارق پہ چشمِِ التفات
یہ بہت ہی ہے پریشاں رحمتہ اللعالمیں
( ذکی طارق بارہ بنکوی )
سعادت گنج،بارہ بنکی،یوپی

صلی اللہ صلی اللہ آمدِ آقا صلی علٰی : میلادالنبی کی شان میں نظم | بارہ ربیع الاوّل کی نظم

نظم
( رحمت والےﷺ آتے ہیں )
صلی اللہ صلی اللہ آمدِ آقا صلی علٰی
رحمت والے آتے ہیں صلی اللہ صلی اللہ
ہم سب کی تقدیر بنانے رحمت والے آتے ہیں
صلی اللہ صلی اللہ آمدِ آقا صلی علٰی

کیوں ہے پریشاں غم سے میرے یار
پل میں چھٹ جائیں گے اب آزار
آنے کو ہیں وہ آقا جو غم کو خوشیاں بناتے ہیں
صلی اللہ صلی اللہ آمدِ آقا صلی علٰی

خوشبو اور انوار کی ہے برسات
گونجے درودِ اقدس کے نغمات
آمنہ بی کے گھر میں چاند اور پھول سجائے جاتے ہیں
صلی اللہ صلی اللہ آمدِ آقا صلی علٰی

بول حلیمہ کیسا ہے یہ سوار
جس کا بدن ہے اتنا برکت دار
کے تیری بیمار اونٹنی کے پاؤں اڑے سے جاتے ہیں
صلی اللہ صلی اللہ آمدِ آقا صلی علٰی

بھوک سے جن کے پیٹ پہ پتھر ہے
ٹوٹی چٹائی جن کا بستر ہے
اللہ اللہ کنکریوں کو کلمہ اپنا پڑھاتے ہیں
صلی اللہ صلی اللہ آمدِ آقا صلی علٰی

ایسے ہوئے ہیں آقا پر قربان
صدقہ کرنے کا سن کر اعلان
بوبکر اپنے گھر کا سارا ساماں اٹھائے لاتے ہیں
صلی اللہ صلی اللہ آمدِ آقا صلی علٰی

جبری موت سے کرنے کو آزاد
زہرہ کے صدقے میں زندہ باد
بیٹیو تم سب کے لئے آقا زندگی لے کر آتے ہیں
صلی اللہ صلی اللہ آمدِ آقا صلی علٰی

حور و غلماں جنات و انسان
جنگل باغ پہاڑ اور کھلیان
آپ کے استقبال میں سب ہی خود کو آج بچھاتے ہیں
صلی اللہ صلی اللہ آمدِ آقا صلی علٰی

کیونکر پالیں دل میں اپنے ڈر
فضلِ خدا سے ہم کو ملے ہیں عمر
جن کے نام کو سن کر کے شاہانِ جہاں تھرّاتے ہیں
صلی اللہ صلی اللہ آمدِ آقا صلی علٰی

خانہء کعبہ خوش ہوکر بولا
آ گیا آگیا میرا رکھوالا
جب گونجی مکے میں صدا تشریف نبی فرماتے ہیں
صلی اللہ صلی اللہ آمدِ آقا صلی علٰی

کلیاں چٹکیں تو چڑیاں چہکیں
مرغِ خوش الحاں نے اذانیں دیں
جھرنے ندیاں پیڑ اور پودے گیت آمد کے گاتے ہیں
صلی اللہ صلی اللہ آمدِ آقا صلی علٰی

مانا پاس نہیں ہے روزہ نماز
لیکن اس نسبت پر ہے ناز
یعنی عشقِ آلِ نبی پر ہم اے "ذکی" اتراتے ہیں
صلی اللہ صلی اللہ آمدِ آقا صلی علٰی
( ذکی طارق بارہ بنکوی )
سعادت گنج،بارہ بنکی،یوپی

12 ربیع اول کی خوبصورت نعتیں | نعت شریف

( نعتِ رسولﷺ )
بدن دلکش تو چہرہ خوبصورت
ہیں سر سے پا تک آقاﷺ خوبصورت

علیؓ ہوں فاطمہؓ ہوں یا کہ حسنینؓ
ہے گھر کا گھر نبیﷺ کا خوبصورت

ہے جنت کیسی کہہ سکتا نہیں کچھ
مگر کیا ہے مدینہ خوبصورت

پرو کر سنتیں اعمال میں تم
بنا لو اپنا جینا خوبصورت

یہ سب حسنِ محمدﷺ کا ہے صدقہ
جو ہے اس درجہ دنیا خوبصورت

دکھا دے مولا وہ شہرِ مقدس
جہاں ہے ذرہ ذرہ خوبصورت

درودِ پاک کا وہ ہوگا ذاکر
ہے اس کا چہرہ کتنا خوبصورت

نبیﷺ کی آنکھ کا تارا بنا ہے
وہ اک حبشیؓ ہے اتنا خوبصورت

نبئ پاکﷺ کے صدقے میں مولا
ہو جینے سا ہی مرنا خوبصورت

ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادتگنج۔بارہ بنکی
یوپی۔بھارت

عشقِ نبی میں لکھی ہوئی نعت شریف | نعت شریف اردو شاعری

نعتِ رسولﷺ
ہم عشقِ نبیﷺ دل میں بسانے میں لگے ہیں
فردوس میں گھر اپنا بنانے میں لگے ہیں

اعمال کو سنت کی ضیاء کرکے عطا ہم
نام و نشاں ظلمت کا مٹانے میں لگے ہیں

ہم عاشقِ سرکارِ ﷺ مدینہ ہیں زمانے
خود مٹ گئے ہم کو جو مٹانے میں لگے ہیں

کردار تو دیکھو ذرا اصحابِ نبیﷺ کا
خود بھو کے ہیں اوروں کو کھلانے میں لگے ہیں

گردانِ درود اپنے لبوں پر نہیں یونہی
ہم خود کو جہنم سے بچانے میں لگے ہیں

یہ مرتبہ یہ شان یہ اعزازِ محمدﷺ
سب اہلِ فلک ناز اٹھانے میں لگے ہیں

خلوت ہو کہ جلوت ہو پئے امتِ عاصی
رب کو مرے سرکارﷺ منانے میں لگے ہیں
ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادتگنج۔بارہ بنکی
یوپی۔بھارت
رابطہ۔7007368108
جامعہ ام سلمہ وجامعہ گلشن مدینہ سرتاج العلوم و ام سلمہ جونیرہائی اسکول دریاآباد کے زیراہتمام منعقد ہونے والے طرحی مشاعرہ دریاآباد
مصرع طرح
آپ اکدن سیدوں کا آکے جلوہ دیکھئے

نعت شریف اردو : بر کتِ صلی علٰی کا پھر کرشمہ دیکھئے

( نعت پاک )
بر کتِ صلی علٰی کا پھر کرشمہ دیکھئے
غم ستاتا ہے تو کر کے یہ وظیفہ دیکھئے

اے خدا اے قدرتوں والے خدائے کارساز
دل یہ کہتا ہے مرا چل کر مدینہ دیکھئے

التجا ہے محترم میری شباہت کے ہی ساتھ
جو مرا ہے شاہِ طیبہ سے وہ رشتہ دیکھئے

آلِ اطہر کی اطاعت میں ہے جنت کا حصول
خلد کی خواہش ہے تو ان کا وسیلہ دیکھئے

رفعتِ سرکار ہوجائے گی بےشک آشکار
ہے بصیرت کی نظر تو حدِ سدرہ دیکھئے

عظمتِ سادات سے واقف اگر ہونا ہے تو
پھر نبی کا منصب و اعزاز و درجہ دیکھئے

جنتوں کی باریابی کے لئے اے محترم
کیا بتاتا ہے کبھی آقائی خطبہ دیکھئے

عاشقانِ سید ابرار کی ہے شان کیا
مستند قرآں میں ہے ان کا حوالہ دیکھئے

آنکھ کھل جائے گی صاحب ہے یقیں،کہ دریاباد
آپ اک دن سیدوں کا آکے جلوہ دیکھئے

بھوک سے جس کے شکم پر ہیں بندھے پتھر "ذکی"
ہے وہ ہستی صاحب لولاک رتبہ دیکھئے
ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادتگنج۔بارہ بنکی
یوپی۔بھارت

نعت شریف اردو شاعری | Naat Sharif In Urdu

{ گلہائے عقیدت }
آپ کی شہادت اے ابنِ مرتضٰیؓ مہکے
آج بھی زمانے میں ذکرِ کربلا مہکے

لفظ جگمگائیں تو جامہ فکر کا مہکے
ذکرِ آلِ زہرہؓ سے شعری سلسلہ مہکے

تجھ سے لاکھ بہتر ہے تیرے تیر کی قسمت
چھو کے حلقِ اصغرؓ کو جواے حرملہ مہکے

عزم ، صبر استقلال اور ارادہ ، قربانی
کربلا کے سلطاں کی ایک اک ادا مہکے

آسمان پر جیسے چاند ضوفگن ہے وہ
اس زمیں پہ ویسے ہی خاکِ کربلا مہکے

دیکھا تو بس اک کاغذ پر حسینؓ لکھّا تھا
سوچتا تھا کیوں آخر اتنا گھر مرا مہکے

جس نے آپ کی گردن پاک کا لیا بوسہ
وہ مقدروں والی تیغ مرحبا مہکے

مرتضٰیؓ کے گلشن کے گل نے دی ہے قربانی
اس جہاں میں جو دینِ مصطفٰیﷺ مہکے

آسماں کے دامن پر دیکھ تو شفق صورت
آج بھی شہیدوں کا خونِ با وفا مہکے

کوئی ابنِ حیدرؓ کا ذکر کر رہا ہے کیا
دیکھو تو ذرا کتنی آج کی فضا مہکے

( ذکی طارق بارہ بنکوی )
سعادت گنج ، بارہ بنکی
یوپی ، انڈیا
رابطہ نمبر 7007368108
12-rabi-ul-awal-naat-lyrics-12-rabi-ul-awal-ki-naat-sharif-urdu-mein

نعت شریف اردو میں | نعتِ رسولِ خدا

( نعتِ رسول ﷺ)
رسول جب نگہِ لطف بار کرتے ہیں
مرا سا ایماں مرا جاندار کرتے ہیں

حیات وارتے ہیں جاں نثار کرتے ہیں
اڑیسہ والے کو ہم اتنا پیار کرتے ہیں

خوشا نصیب وہ ہمرازِ غم ہمارا ہے
خدائے پاک جسے رازدار کرتے ہیں

ہمار ے کاسے میں ہے بادشاہ شاہی تری
کہ ہم فقیروں میں اپنا شمار کرتے ہیں

غلامِ احمدِ مختار ہونے کا دعویٰ
ہم ایک بار نہیں باربار کرتے ہیں

کرادے دیدِ مدینہ کہ اس کے منظر اب
اے مرے مولٰی بہت بیقرار کرتے ہیں

بلالو اپنے درِ اعلیٰ پہ اے آقا اب
زمانے والے بہت مجھکو خوار کرتےہیں

کریں گے سامنا کیسے تمہارا اے آقا
عمل ہمارے ہمیں شرمسار کرتے ہیں

مرے مجاہدِ ملّت کی شان کیا کہنا
"وہ جس کو چاہتے ہیں تاجدار کرتے ہیں"

کبھی ہوا ہی نہیں ذکرِ مصطفٰے گن کر
یہ ورد ہم تو "ذکی" بے شمار کرتے ہیں

ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادتگنج۔بارہ بنکی
یوپی۔بھارت

عرش پر جس کا ہے نقشِ پا سوچئے : نبی کی شان میں نعت شریف

( نعتِ رسولِ مکرمﷺ )
عرش پر جس کا ہے نقشِ پا سوچئے
وہ مجھ عاصی کا ہے رہنما سوچئے

لطفِ آقا کا یہ زاویہ سوچئے
ہم سے لکھوا رہے ہیں ثنا سوچئے

دل کی دھڑکن میں بھی فکرِ امت رہی
میرے سرکار کا سوچنا سوچئے

ہوگی محشر میں جو ہم پہ سایہ فگن
وہ نبی کی مکرم ردا سوچئے

جب یہ دنیا ہے اتنی حسیں تو ذرا
حسن لولاک کی وجہ کا سوچئے

رحمتیں برکتیں کلمہ ایماں درود
ہم پہ کیا کیا ہیں ان کی عطا سوچئے

ابتداء میں ہی آئے ہیں جبریل امیں
ہوگی پھر کیا بھلا انتہا سوچئے

میں نے سب کچھ تو سرکار کو کہہ دیا
آپ اب بیٹھ کر مسئلہ سوچئے

جب اشارے سے ٹکڑے میں بٹتا ہے چاند
ہوگا کیا پھر نبی کا کہا سوچئے

ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادتگنج۔بارہ بنکی
یوپی۔بھارت

نعتِ رسولِ پاک، نعت شریف : یہ تیرے لہجے میں کیوں عنصرِ سپاس نہیں

نعت پاک
یہ تیرے لہجے میں کیوں عنصرِ سپاس نہیں
اے میرے یار تو کیا مصطفٰے شناس نہیں

مدینے جانے کے اسباب صرف بن جائیں
نہیں ہے غم کوئی دولت جو اپنے پاس نہیں

مجھے دلائیں گے فردوسِ ناز آقا میرے
میرا یقین ہے یہ دوستوں قیاس نہیں

بہ فیضِ آقا اے محشر مجھے تیرا ہاں تیرا
کوئی بھی خوف نہیں ہے کوئی ہراس نہیں

میرے نبی کی عطاء تجھ کو کیسے مل پاۓ
تیری تمنا میں پہلوۓ التماس نہیں

درود پاک پڑھو اور معجزہ دیکھو
نبی کا نام جہاں ہے وہاں پہ یاس نہیں

ضرور ہوگا وہ دیوانہء رسولِ کریم
مصیبتوں کے بھنور میں بھی جو اداس نہیں

ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادتگنج۔بارہ بنکی
یوپی۔بھارت
Zaki Tarik

एक टिप्पणी भेजें

0 टिप्पणियाँ